یمنی فوج کی دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں
Nov ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
-
یمنی فوج کی دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں
سعودی جارحیت کے خلاف ملک کے دفاع کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے شمال مغربی یمن میں دشمن کے اسلحے کے ایک ذخیرے کو ضبط کر لیا ہے۔
صنعا میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ اسلحہ سعودی ایجنٹوں نے صوبہ حجہ کے شہر عبس میں ایک مقام پر لا کر چھپایا تھا لیکن یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے اس کا پتہ لگانے کے بعد تمام ہتھیار اپنی تحویل میں لے لیے۔اس ڈپو سے مختلف اقسام کی سیکڑوں بارودی سرنگیں، متعدد آر پی جی گنیں، ٹینک شکن راکٹ لانچر اور بہت سے دوسرے خودکار ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ہفتے کی شب سعودی عرب کے سرحدی علاقے جیزان میں واقع عین الحارہ نامی فوجی اڈے پر راکٹوں سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں سعودی فوج کی متعدد گاڑیاں اور ہتھیار جل کر راکھ ہو گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج کے جوانوں نے ملک کے جنوبی صوبے ضالع کے شہر دمت کو شدید لڑائی کے بعد سعودی ایجنٹوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ اس سے پہلے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مخا شہر کے ساحلوں کے قریب حملہ کر کے سعودی فوج کی چار جنگی کشتیوں کو غرق کر دیا تھا۔