حزب اللہ منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوگی، نصر اللہ
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم دباؤ اور منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوگی۔
بیروت میں یوم شہدا کے عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ نفسیاتی جنگ اور مسلسل دباؤ کے باوجود ہماری پالیسیوں میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بالکل صحیح محاذ اورصحیح مقام پر کھڑے ہیں، ہمارا موقف بھی بالکل صحیح ہے اور خطے کی حقیقی تبدیلوں میں موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے باراک اوباما اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاھو کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ بدستور خود کو خطے کے دیگر ممالک پراسرائیل کی سیکورٹی اور مفادات کے تحفظ اور اسے برتری دلانے کا پابند سمجھتا ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ بدستور مظلوم فلسطینیوں کے مقابلے میں غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کی حمایت کررہا ہے اور صیہونی حکومت کے لیے امریکہ کی حمایت نیتن یاھو کے حالیہ دورے میں اور بھی واضح ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اسرائیل فلسطینی عوام کی تحریک انتفاضہ کو ہرگز نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک مزاحمت کو کمزور کرنے کے لیے کیا جانے والا پروپیگنڈہ اور جھوٹے دعووں کا ہمارے اوپر کوئی اثر نہیں ہوگا اور ہم اپنے موقف پر پوری قوت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے -