Nov ۱۲, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی
    فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی

فلسطینیوں نے صیہونی آبادی کے علاقوں میں تیار کی جانے والی اسرائیلی مصنوعات پر لیبل لگانے سے متعلق یورپی یونین کے فیصلے کو مثبت تاہم ناکافی قرار دیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین، صیہونی آبادی کے علاقوں میں تیار کی جانے والی اسرائیلی مصنوعات پر لیبل لگانے سے متعلق یورپی یونین کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے تاہم اس کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف تاخیر سے اختیار کیا گیا ہے بلکہ صرف لیبل لگانا کافی نہیں ہے۔

انھوں نے یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ، صیہونی آبادی والے علاقوں کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرے۔ ریاض المالکی نے کہا کہ فلسطین، اس سلسلے میں یورپی یونین کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

پی ایل او کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے بھی یورپی یونین کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہو‍ئے صیہونی آبادی کے علاقوں کا مکمل طور پر بائیکاٹ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی آبادکاری ایک جنگی جرم ہے۔ اس لئے صیہونی آبادکاروں اور صیہونی آبادی کے علاقوں کا بائیکاٹ بھی بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہوگا۔

واضح رہے کہ یورپی کمیشن نے بدھ کے روز صیہونی حکومت کی مخالفت کے باوجود صیہونی آبادی کے علاقوں میں تیار کی جانے والی اسرائیلی مصنوعات پر لیبل لگائے جانے کو ضروری قرار دیا ہے۔

ٹیگس