Nov ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • داعش ، وہابیت کی فوجی شاخ ہے : عراقی وزیر اعظم
    داعش ، وہابیت کی فوجی شاخ ہے : عراقی وزیر اعظم

عراق کے وزیر اعظم نے داعش دہشت گرد گروہ کو وہابیت کا فوجی بازو قرار دیا ہے

العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے اتوار کو دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اس ملک کی فوج اور رضا کار فورس کے جوانوں کی پیشقدمی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش وہابیت کی فوجی شاخ ہے اور عراق کے تمام سیاسی گروہوں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہو جانا چاہئے-

حیدر العبادی نے دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں عراقی فوج اور رضا کار فورس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ مکمل تعاون اور یکجہتی سے داعش کو دہشت گردانہ اقدامات انجام دینے کا موقع نہ دیں-

داعش دہشت گرد گروہ جس کی آل سعود سمیت بعض مغربی ممالک اور علاقے میں ان کے اتحادیوں کی طرف سے مالی اور عسکری مدد ہوتی ہے، اب تک عراق اور شام کے عوام کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا چکا ہے-

عراقی وزیر اعظم نے کردستان کے علاقے کے مسائل کی جانب بھی اشارہ کیا اور تاکید کی کہ کردستان علاقے اور عراق کی مرکزی حکومت کے درمیان مسائل اس طرح حل ہونے چاہئے کہ شہریوں کی معیشت اور ان کے مفادات پورے ہوں -

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی قیادت میں حکومت تشکیل پانے کے بعد مرکزی حکومت اور عراقی کردستان نے سمجھوتہ کیا تھا کہ کردستان کے علاقے سے روزانہ پانچ سو پچاس بیرل تیل کی برآمدات کے عوض بغداد حکومت ہر مہینے کردستان کا سترہ فیصد بجٹ فراہم کرے گی-

بغداد حکومت کا کہنا ہے کہ عراقی کردستان کے علاقے کے حکام اس معاہدے پر عمل نہیں کر رہے ہیں-

ٹیگس