دریائے اردن کے مغربی کنارے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی شہید
صیہونی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں فائرنگ کر کے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کرنے کے علاوہ رام اللہ میں دو فلسطینیوں کو بھی گرفتار کر لیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح منگل کی رات غزہ پٹی کے مرکز میں واقع البریج کیمپ کے مشرق میں مظاہرہ کرنے والے فلسطینی نوجوانوں پر حملہ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ کئی فلسطینی نوجوانوں کو آنسو گیس کے گولوں کی وجہ سے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج کی جنگی کشتیوں نے غزہ کے شمالی ساحل پر فلسطینی ماہی گیروں کی طرف بھی فائرنگ کی ہے۔
بیت لاہیہ کے ساحل کے نزدیک ہونے والے غاصب صیہونی فوج کے جارحانہ حملے کی وجہ سے فلسطینی ماہی گیروں کی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔
ابھی تک اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے منگل کی رات نابلس، الخلیل، جنین اور قدس شہروں پر بھی حملہ کیا اور فلسطینیوں کے گھروں پر فائرنگ کی۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے ان شہروں سے کم سے کم بیس فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔