Nov ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کی جارحیت، ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا
    صیہونی فوجیوں کی جارحیت، ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا

انتہا پسند صیہونی آباد کاروں نے صیہونی فوجیوں کی مدد سے ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق انتہا پسند صیہونی آبادکار منگل کی صبح صیہونی حکومت کی فوج کی مدد سے مسجدالاقصی میں داخل ہوئے جس سے حالات سخت کشیدہ ہو گئے۔

قابل ذکر ہے کہ مسلح صیہونی آباد کاروں کی ایک تعداد ہر روز مسجد الاقصی میں داخل ہوتی ہے اور ان کو صیہونی فوجیوں کی مدد حاصل ہوتی ہے۔

انتہا پسند صیہونی آباد کار مسجد الاقصی میں داخل ہوکر وہاں کشیدگی پھیلاتے ہیں اور مسلمان نمازیوں کو زد و کوب بھی کرتے ہیں۔

ادھر صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں ایک فلسطینی جانباز کی جانب سے انجام پانے والی کارروائی میں چار صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔

قدس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی جانباز نے نابلس کے جنوب میں اپنی گاڑی سے چار صیہونی فوجیوں کو شدید زخمی کر دیا۔

صیہونی ذرائع نے اس حملے کا اعتراف کیا ہے اور حملہ کرنے والے فلسطینی کو گرفتار کر لیا ہے۔

صیہونی ذرائع کے مطابق فلسطینی جانباز کے حملے میں زخمی ہونے والے چار صیہونی فوجیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز بیت المقدس میں ایک فلسطینی لڑکی کو گولی مارکر شہید کر دیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے نتیجے میں اکتوبر کے آغاز سے اب تک سو فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

ٹیگس