مسجد الاقصی پر ایک بار پھر صیہونیوں کا حملہ
انتہا پسند صہیونی آبادکاروں نے جمعرات کو بھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔
قدس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو بھی مسجدالاقصی پر حملہ کیا اور انھیں صیہونی حکومت کے فوجیوں کی مدد حاصل تھی۔
رپورٹ کے مطابق انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے صیہونی فوجیوں کی مدد سے باب المغاربہ کی طرف سے مسجدالاقصی پر حملہ کیا اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطین میں اسلامی مقدسات کے خلاف صیہونیوں کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات صیہونی حکومت کے فوجیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائی جاری رہنے اور اس میں شدت کا ایک سبب ہیں۔
ادھر فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مزاحمت جاری رکھنے کے فلسطینیوں کے پختہ عزم پر تاکید کی ہے۔ حماس کے ایک رہنما حسام بدران نے کہا ہے کہ فلسطینی شہدا کے گھروں کو منہدم کرنے سے صیہونیوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا فلسطینی قوم کا عزم و ارادہ کمزور نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہدا کے گھروں کو منہدم کرنے کے لئے شعفاط کیمپ پر صیہونی حکومت کے دو ہزار فوجیوں کے حملے سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی حکومت جانباز فلسطینی نوجوانوں سے کتنی خوف زدہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں نے بدھ کے روز شعفاط کیمپ پر حملہ کرکے فلسطینی شہیدوں کے گھروں کو منہدم کردیا تھا۔