یمن پر سعودی عرب کی تازہ جارحیت میں اسپتال پر بمباری
-
یمن پر سعودی عرب کی تازہ جارحیت میں اسپتال پر بمباری
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اسپتال پر بمباری کی ہے۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی شہر تعز میں ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ایم ایس ایف کے ایک اسپتال پر بمباری کی جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔ ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ایم ایس ایف نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں میں دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے یمن میں اسپتالوں اور طبی مراکز پر سعودی حملوں کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بدھ کے روز بھی تعز میں ڈاکٹروں کی عالمی تنطیم کے قائم کردہ ایک مہاجر کیمپ پر بمباری کی تھی جس میں تین عام شہری شہید ہوگئے تھے۔
سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جیزان اور نجران میں سعودی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے کہا ہے کہ ان حملوں کا مقصد سعودی عرب کے شہروں جیزان اور نجران کا محاصرہ کرنا ہے۔