Dec ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحین کے ہوائی حملوں میں شدت
    یمن پر سعودی جارحین کے ہوائی حملوں میں شدت

سعودی عرب کے جارح لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے-

المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے خلاف اپنی بربریت جاری رکھتے ہوئے یمن کے دارالحکومت صنعا پر بمباری کی ہے- جارح طیاروں نے صنعا کے شمالی علاقے ہمدان میں الاستقبال، الدیلمی، اور الغوش فوجی اڈوں نیز ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی حملے کئے ہیں - آل سعود کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ مآرب کے علاقے کوفل کے نزدیک واقع فوجی اڈوں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے-

سعودی جارح طیاروں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ اور جنوبی صوبے لحج کے رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے کئی یمنی شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا - ایک اور خبر کے مطابق سعودی جارح طیاروں نے صوبہ ذمار کے الملحاء علاقے میں ایک رہائشی علاقے پر حملہ کرکے چار افراد کو شہیدکردیا، اس حملے میں سات افراد زخمی ہوگئے- کہا جارہا ہے کہ شہید ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے- مشرقی یمن کے صوبے حضرموت کے قطن علاقے میں ایک دھماکے میں ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا-

اسی طرح جنوبی یمن کے نقیل الخشبۃ علاقے میں ایک کار بم دھماکے میں متعدد عام شہری زخمی ہوگئے- اس کے ساتھ ہی یمنی فوج اور عوامی فورسیز نے سعودی عرب کی جارحیتوں کے جواب میں صوبہ عسیر میں ایک سعودی فوجی اڈے، اسی طرح نجران کے سرحدی علاقے میں مسیال فوجی اڈے پر میزائل اور ہینڈ گرینیڈ سے حملے کئے- یمنی فوج اور عوامی دستوں نے صوبہ جوف کے علاقے اللبنات میں سعودی ایجنٹوں اورعبد ربہ منصور ہادی کے حامیوں کی پیشقدمی روک دی اور ان کی آٹھ بکتر بند گاڑیاں تباہ کردیں -

اس علاقے سے سعودی ایجنٹوں کی پسپائی کے بعد علاقے میں بیس افراد کی لاشیں ملی ہیں- در ایں اثنا یمنی فوج اور سعودی ایجنٹوں کے درمیان جنوبی یمن کے صوبے تعز کے علاقوں جرید اور کرش میں بھی جھڑپیں ہوئیں جس میں متعدد سعودی ایجنٹ مارے گئے- یمنی فوج نے نجران میں السدیس فوجی اڈے پر بھی میزائل حملے کئے ہیں-

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ سے یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد سابق مفرور صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔ سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئےہیں اس کے علاوہ یمن کی بنیادی تنصیبات کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

ٹیگس