امریکی فوجی پھرعراق پہنچ گئے
بغداد نے ایک امریکی فوجی دستے کی عراق پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے-
رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت کے ترجمان نے العراق نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی فوجی دستہ ، عراقی حکومت کی مرضی سے عراق میں داخل ہوا ہے اور اس کی ذمہ داریاں جنگی امور تک محدود ہیں-
عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے مزید کہا کہ یہ امریکی فوجی جن کی تعداد سو ہے، شام سے ملحق عراقی سرحدوں کو کنٹرول کرنے میں فضائی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ہی سرحدی علاقوں میں داعش دہشت گرد گروہ کو نشانہ بنانے میں عراقی فوجیوں کے ساتھ تعاون کریں گے-
عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے عراق کے وسیع مفادات کے تحت، اعلی فوجی کمانڈروں سے صلاح و مشورے کے بعد اس طرح کا فیصلہ کیا ہے- جبکہ عراقی وزیر اعظم نے اس سے قبل کہا تھا کہ عراق کو بیرونی فوجیوں کی ضرورت نہیں ہے اور عراقی اپنے ملک سے دہشت گردوں کو مار بھگانے کی طاقت رکھتے ہیں-