Jan ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے نمائندے یمن سے خالی ہاتھ واپس

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے امن مذاکرات کی تاریخ طے کیے بغیر اس ملک سے چلے گئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ولد الشیخ احمد نے جمعرات کے روز یمن کے دارالحکومت صنعا میں اعلان کیا کہ یمن میں تقریبا دس ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے مقصد سے امن مذاکرات کی بحالی کے لیے نئی تاریخ کا تعین نہیں ہوا ہے۔ اسماعیل ولد الشیخ احمد نے انصار اللہ تحریک اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ پانچ روزہ مذاکرات کے اختتام پر صنعا سے روانگی سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت میں یمنی عوام کی مشکلات اور مصائب پر تشویش کا اظہار کیا اور امن عمل کی جلد از جلد بحالی کی امید ظاہر کی۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بیس دسمبر کو سوئٹزرلینڈ میں چھے روزہ مذاکرات کے اختتام پر کہا تھا کہ فریقین نے چودہ جنوری کو ایتھوپیا میں امن مذاکرات کے نئے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ یمن کی مستعفی حکومت کے وزیر خارجہ عبدالملک المخلافی نے نو جنوری کو فرانس پریس سے بات چیت میں کہا تھا کہ یہ مذاکرات ملتوی ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس