بغداد میں کار بم دھماکہ، متعدد شہید اور زخمی
عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشت گردانہ بم دھماکے میں کئی عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
عراقی ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ جنوبی بغداد کے علاقے یوسفیہ میں، سڑک کے کنارے کھڑی ایک کار میں ہوا۔ دھماکہ خیز مواد کار کے اندر چھپایا گیا تھا جو اچانک پھٹ گیا۔ اس واقعے میں کم سے کم دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج کے جوانوں نے صوبہ الانبار میں ایک سرچ آپریشن کے دوران تین خودکش حملہ آوروں کو دہشت گردی کی کارروائی سے پہلے ہی ہلاک کر دیا ہے۔ داعش کے یہ دہشت گرد کبیسہ کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دینا چاہتے تھے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر غیر اعلانیہ دورے پرپیر کے روز بغداد پہنچے ہیں۔ ایشٹن کارٹر عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی اور وزیر دفاع خالد العبیدی سے ملاقات کے علاوہ عراق کے فوجی حکام سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔