خلیج فارس کے ملکوں اور ایران کے تعلقات کی اہمیت پر تہران کی تاکید
ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات و قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کیا جاسکتا کہ ایران اور خلیج فارس کے ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ سے علاقے کی سلامتی میں مدد ملے گی۔
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے خارجہ تعلقات و قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ، علاء الدین بروجردی نے ایران کے ساتھ کویت اور خلیج فارس تعاون کونسل کے دیگر رکن ملکوں کے تعلقات کی تقویت کے لئے راہ ہموار کئے جانے کی ضرورت پر مبنی کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم کے موقف کا خیر مقدم کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے حالیہ بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مرزوق الغانم کا بیان، علاقے میں ایران کی پالیسی کے مطابق ہے۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات، ایران کی خارجہ پالیسی کے اصول میں شامل ہے اور تہران دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنائے جانے کے بارے میں کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بھی ایران کے ساتھ تعاون کی توسیع میں کویت کے پارلیمانی اسپیکر کے مثبت رویے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا، ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔