عراق: کرکوک میں دھماکہ
عراق کے شہر کرکوک میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شمالی عراق میں واقع کرکوک شہر میں ایک مسجد کے سامنے ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ مسجد کے محافظوں نے خود کش حملہ آور کو گرفتار کر لیا لیکن اس نے خود کش جیکٹ کے ذریعے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے۔
عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کرکوک سے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ شخص اس شہر کے مرکز میں واقع ایک امام بارگاہ پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اس شخص کو گرفتار کرنے کے بعد اس کی خودکش جیکٹ کو بھی ناکارہ بنا دیا۔
شمالی عراق میں واقع تیل سے مالا مال کرکوک شہر سنہ دو ہزار چودہ کے موسم گرما سے عراقی کردستان کی پیشمرگہ فورس کے کنٹرول میں ہے۔ عراق کے شہر کرکوک میں مختلف قبائل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ زندگی بسر کرتے ہیں جن میں کرد، عرب، ترکمن، سنی، شیعہ اور عیسائی شامل ہیں۔