عراق کا دارالحکومت بغداد بم دھماکوں سے لرز اٹھا
Aug ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں سترہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے الزعفرانیہ علاقے میں ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ اس حملے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ بغداد کے علاقے حی الاسکان کے علاقے میں ایک دوکان میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں کو علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عراق کی سیکورٹی فورسز نے ان دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔