داعش کے خلاف جنگ جاری رہنے پر عراقی صدر کی تاکید
عراق کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ داعش دہشت گرد عناصر شام کی جانب فرار ہو رہے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فؤاد معصوم نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ داعش کا مقابلہ، شام اور عراق سے اس کے خاتمے کے بعد بھی جاری رہنا چاہئے تا کہ اس سے وابستہ تمام عناصر اور گروہوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ عراق کے صدر نے کہا کہ موصل آپریشن کے خوف سے داعش دہشت گرد شام کی جانب فرار ہو رہے ہیں تاہم بعض عناصر صوبۂ نینوا کے مختلف علاقوں میں چھپ گئے ہیں۔ ادھر عراقی افواج نے داعش کے کئی دہشت گردوں کو صوبۂ بغداد میں گرفتار کیا ہے۔ یہ عناصر اربعین حسینی کے موقع پر امام حسین علیہ السلام کے زائرین کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی نے بھی دہشت گردوں کے ایک ڈرون طیارے کو تلعفر ایئرپورٹ کے قریب تباہ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ موصل آپریشن میں فوج، فیڈرل پولیس، عوامی رضاکار فورس اور کرد پیش مرگہ ملیشیا کی مسلسل کامیابی کے بعد داعش عناصر نے عراقی افواج کے خلاف تخریبی کارروائیوں کا ہتھکنڈا اپنایا ہوا ہے تاہم اب تک انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔