Nov ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے  کی کوشش کرے: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پیٹرول کی کوٹہ بندی اور قیمت میں اضافہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کو عوام کی اقتصادی مشکلات کو کم کرنے پر توجہ مبذول کرنی چاہیے۔آپ نے فرمایا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو، دوسری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب نہ بننے دیا جائے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی نے آج اتوار کے روز فقہ کے درس خارج میں ایندھن کے استعمال اور مدیریت کے سلسلے میں فرمایا کہ ماہرین کے نظریات مختلف ہیں اور میں نے کہا تھا کہ ایران کی مقننہ، عدلیہ اور مجریہ کے سربراہان اس سلسلے میں جو فیصلہ کریں گے میں اس کی حمایت کروں گا۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: مقننہ، عدلیہ اور مجریہ کے سربراہان نے ماہرین کے نظریات کے مطابق ایک فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ نافذ ہونا چاہیے۔ فطری طور پر عوام کے بعض حلقوں میں اس بارے میں تشویش پائی جاتی ہے اور انھیں اس فیصلے سے نقصان ہوگا لیکن حکومتی املاک کو آگ لگانا اور نقصان پہنچانا شرپسند عناصر کا کام ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کے دشمنوں اور انقلاب کے مخالفین نے ہمیشہ تخریبی کارروائیوں کی حمایت کی ہے اور اس وقت بھی وہ انہی کاموں میں مشغول ہیں۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حکومت پر زوردیا کہ وہ عوام کی اقتصادی مشکلات کو کم کرنے پر توجہ مبذول کرے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو دوسری اشیاء کی قیمتوں کے اضافہ کا باعث بننے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حکومت اورعوام کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے فرمایا: امن و سلامتی سے منسلک ادارے بھی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور عوام بھی خود کو شرپسند عناصر سے الگ کریں۔

 

ٹیگس