پاکستانی سنیٹ نے سانحہ منٰی کا نوٹس لے لیا
Sep ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
پاکستانی سینٹ نے سانحہ منٰی پر وضاحت کے لیے وزیر مذہبی امور اور مشیر خارجہ کو اجلاس میں طلب کرلیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے ایک خط کے ذریعے وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے کہا ہے کہ وہ پانچ اکتوبر کو سینیٹ اجلاس میں آ کر پاکستانی حجاج کے متعلق صورتحال سے آگاہ کریں۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے خط میں منٰی کے واقعہ کے بعد پاکستان میں موجود حجاج کے خاندانوں کی بے چینی پر نوٹس لیتے ہوئے یہ اقدام کیا ہے۔
حکومت پاکستان نے سانحہ منیٰ میں صرف چھتیس پاکستانی حجاج کے جاں بحق اور پینتس کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
برطانوی اخبار گارجین نے سانحہ منیٰ میں دوسو چھتیس پاکستانیوں کی جاں بحق کی خبر دی تھی، تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے اس کی تردید کردی گئی تھی۔
ادھر سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے بتایا ہے کہ منیٰ میں بھگدڑ کے باعث لاپتہ ہونے والے دوسو سترہ پاکستانیوں سے رابطہ ہوگیا ہے جبکہ پچاسی حجاج کرام تاحال لاپتہ ہیں۔