پاکستان اور بیلا روس کے درمیان اٹھارہ معاہدوں پر دستخط
Nov ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
پاکستان اور بیلاروس نے مختلف شعبوں میں تعاون کے اٹھارہ سمجھوتوں اور اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان اور بیلاروس نے صحت، کسٹم، زراعت، تعلیم، تجارت، معیشت، سائنس، فنی تعاون اور ثقافتی شعبوں میں اٹھارہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر بھی اتفاق کر لیا ہے۔معاہدوں پر دستخط کی تقریب پاکستان کے ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے بیلا روسی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پیریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آندرے کوبیکوف کے دورہ پاکستان سے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں کہا پاکستان اور بیلاروس کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
بیلاروس کے وزیراعظم آندرے کوبیکوف نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ زراعت، انفرا اسڑکچر اور معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بیلاروس کے وزیراعظم آندرے کوبیکوف ایک اعلی اختیارتی وفد کے ہمراں پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔ بیلاروس کے کسی بھی وزیراعظم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔