Dec ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • پاکستان:  کرم ایجنسی میں ہونے والے دھماکے میں پندرہ افراد شھید
    پاکستان: کرم ایجنسی میں ہونے والے دھماکے میں پندرہ افراد شھید

پاکستان کے نیم خود مختار قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے بازار میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم پندرہ افراد شھید ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دھماکہ کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار کے عید گاہ لنڈا بازار میں اس وقت ہوا جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی ۔ اتوار کی تعطیل کے باعث بازار میں لوگوں کا غیر معمولی رش تھا۔

پولیٹیکل حکام نے اب تک پندرہ افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے میں پچاس افراد زخمی بھی ہوئے جن میں بیس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال کے ذرائع نے شھید ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے اور نہ ہی کسی شخص یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی۔

قابل ذکر ہے کہ جولائی دوہزار تیرہ میں بھی پارا چنار بازار میں دھماکے ہوئے تھے جن میں ستاون افراد شھیداورایک سو سڑسٹھ زخمی ہوئے تھے ۔

ٹیگس