پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات جاری رہنے پر تاکید
-
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات جاری رہنے پر تاکید
پاکستانی وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان عنقریب ہونے والی ملاقات اور دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات کے آغاز کی خبر دی ہے۔
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سرتاج عزیز نے پاکستانی پارلیمنٹ میں کہا کہ اسلام آباد حکومت، پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان عنقریب ہونے والی ملاقات اور نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے بارے میں پارلیمنٹ کے اراکین کو آگاہ اور اس سلسلے میں ان کا اعتماد بھی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعمیری مذاکرات جاری رہنے چاہئیں کیونکہ دونوں ملکوں کے حکام نے امن و سلامتی، اعتماد سازی کے عمل، مسئلہ کشمیر، تجارتی و اقتصادی تعاون اور دہشت گردی سے مقابلے کے بارے میں مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیرس میں ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی غیررسمی مختصر ملاقات نے دونوں ملکوں کے کشیدہ حالات میں بہتری کی کوشش کی راہ ہموار کی ہے۔