پاکستان میں جشن عید میلادالنبی (ص) میں شیعہ و سنی مسلمانوں کی بھرپور شرکت
عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت کے آغاز کی مناسبت سے دنیا کا ایک سب سے بڑا اجتماع پاکستان کے تاریخی شہر لاہور میں منعقد ہوا-
رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں جشن عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تاہم اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع لاہور کے مینا اسکوائر پر منعقد ہوا-
رپورٹوں کے مطابق اس تقریب میں لاکھوں شیعہ اور سنی مسلمانوں نے شرکت کی - جشن عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے کراچی میں بھی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور جلوس نکالے گئے-
کراچی میں عید میلادالنبی (ص) کا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے نکالا گیا جو ایم اے جناح روڈ سے گزرتا ہوا نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا -
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پیغمبر رحمت کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلؤوں پر روشنی ڈالی اور آپ (ص) کو تمام انسانوں کیلئے برکتوں، رحمتوں، عظمتوں اور سعادتوں کا باعث قرار دیا-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت پاکستان کے امیرعلامہ شاہ تراب الحق نے کہا کہ آج مظلوم مسلمان، بے حمیت مسلم حکمرانوں کے مفادات اور خوا ہشا ت کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جہاد کے نام پر فساد پھیلانے والے سفاک خارجی دہشت گردوں نے پاکستان کو ہی نہیں افغانستان، عراق اور شام سمیت کئی اسلامی ملکوں میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اللہ اور رسول (ص) کے بتائے ہوئے طریقے پر گزاریں اور دنیا و آخرت میں کامیابی فلاح و نجات کا سامان فراہم کریں۔
اس سال پاکستان میں ہفتہ وحدت کے آغاز اور جشن عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر مذہبی یکجہتی کے خوبصورت مناظر نظر آئے-