سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ملتوی
آیت اللہ نمر باقر النمر کو شہید کیے جانے کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے پیش نظرسعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے التوا کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر دو روزہ دورے پر ہفتے کے روز پاکستان پہنچنے والے تھے۔ پاکستانی حکام کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد مشرق وسطی کے حالات پر بننے والے اتحاد پر پاکستانی قیادت سے مشاورت اور اسے اعتماد میں لینا تھا۔
سعودی عرب نے امریکہ کے اشاروں پر دہشت گردی کے خلاف چونتیس اسلامی ملکوں کا اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس اتحاد میں پاکستان کو شامل کیے جانے پر اسلام آباد کی جانب سے پہلے لاعلمی کا اظہار کیا گیا لیکن بعد میں ملا جلا ردعمل ظاہر کیا جانے لگا۔
پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے سعودی اتحاد میں پاکستان کا نام شامل کیے جانے پر حیرت ظاہر کی تھی تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ نے بعد میں اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد اپنے کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات کا منتظر ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ملتوی ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سرکردہ آمریت مخالف شیعہ رہنما آیت اللہ نمر باقر نمر کو شہید کیے جانے کے بعد پاکستان بھر میں سعودی عرب کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سعودی عرب نے ہفتے کے روز بے بنیاد الزامات کے تحت آیت اللہ نمر باقر نمر کو سنائی جانے والی سزائے موت پر علمدرآمد کر کے انہیں شہید کر دیا ۔