Jan ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے وزیر خارجہ، پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر

سعودی عرب کے وزیرخارجہ جمعرات کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورےپر اسلام آباد پہنچے۔

پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرنے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم نوازشریف اور دوسرے اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے - ان ملاقاتوں میں سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے نام نہاد اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا معاملہ بھی زیربحث ہوگا -

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک سعودی اتحاد میں شامل ہے - سعودی وزیرخارجہ گذشتہ تین جنوری کو پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے لیکن ممتازعالم دین آیت اللہ باقر نمر کو سعودی حکومت کے ہاتھوں شہید کئے جانے کے بعد کی کشیدہ صورتحال کےپیش نظرانہوں نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا تھا -

پاکستان میں مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت جب سعودی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کےساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرکے کشیدگی کو ہوا دی ہے عادل الجبیر کا یہ دورہ بہت ہی اہم ہے -

اس درمیان پاکستان کے سابق وزیرخارجہ ، قومی اسمبلی کے رکن اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماشاہ محمود قریشی نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات کی صورتحال میں اپنی پالیسی واضح کرے - انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس صورتحال میں کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ہی اس تناظر میں خارجہ پالیسی وضع کرنی چاہئے -انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اس سلسلے میں کوئی بیان دینے سے گریز کر رہی ہے -

واضح رہے کہ سعودی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا معاملہ ایک ایسے وقت زیربحث ہے جب پاکستان کی طے شدہ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج بیرون ملک اقوام متحدہ کے مشن کے علاوہ کسی بھی اتحاد کا حصہ نہیں بنےگی -

ٹیگس