پاکستان: کوئٹہ میں بم دھماکہ، دسیوں افراد جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ کے نواحی علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں چوبیس افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپوٹوں کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تین روز سے جاری انسدادِ پولیو مہم کا بدھ کو آخری دن تھا اور مذکورہ سینٹر سے پولیو ٹیموں کو مختلف علاقوں میں بھیجا جا رہا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع انسداد پولیو مہم کے ایک مرکز کے قریب ہوا۔ دھماکے میں پندرہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر سیکورٹی اہلکار بتائے جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تیرہ پولیس والے اور ایک ایف سی اہلکار شامل ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکہ ممکنہ طور پر خود کش تھا تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ سید امتیاز شاہ کے مطابق دھماکے میں سات سے آٹھ کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ دھماکے کے بعد کوئٹہ میں پولیو مہم معطل کردی گئی۔