پاکستان میں زلزلہ، لوگوں میں خوف
پاکستان میں دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے-
پاکستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد، پشاور سمیت دیگر کئی شہروں سے زلزلے کی خبریں ملی ہیں- ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی ہے- تفصیلات کے مطابق پشاور میں رات چار بج کر انیس منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان میں تین سو دس کلو میٹر زیر زمین بتایا گیا ہے۔
پشاور کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن اور خیبر پختونخوا کے بعض دیگر شہروں جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے-
ریسکیو اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے -