Jan ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: جامعہ حفصہ کے اطراف میں پولیس اور پیرا ملٹری فورس کے جوان تعینات

اسلام آباد میں لال مسجد سے متصل طالبات کے مدرسے جامعہ حفصہ کے اطراف میں پولیس اور پیرا ملٹری فورس کے جوانوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پولیس افسران کا کہنا ہے کہ جامعہ حفصہ کا محاصرہ مرکزی حکومت کے ا علی عہدیداروں کے حکم پرکیا گیا ہے- اس درمیان کچھ پولیس افسران نے بتایا ہے کہ پولیس اور پیراملٹری فورس کے جوانوں کی تعیناتی جامعہ حفصہ کی نگرانی، اس کے بارے میں حساس معلومات حاصل کرنے اور اس مدرسے میں لوگوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے کے لئے کی گئی ہے-

اسلام آباد سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور پیراملٹری فورس کے ذریعے جامعہ حفصہ کا محاصرہ کئے جانے کے بعد مدرسے کی انتظامیہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے- مدرسے کی طالبات مدرسے کی چھتوں پر آکر اس اقدام کے خلاف نعرے لگانے لگیں اور انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے جو بھی منفی نتائج نکلیں گے ان کی ذمہ دار حکومت ہو گی-

یاد رہے کہ جامعہ حفصہ کا پولیس اور پیراملٹری فورس نے محاصرہ ایک ایسے وقت کیا ہے کہ جب ہفتے کو لال مسجد کے سابق خطیب عبدالعزیز نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی کے ساتھ وہ رابطے میں ہیں تاہم فوج نے لال مسجد کے خطیب عبدالعزیز کے ساتھ کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کی ہے- مولوی عبدالعزیزاپنے ایک بیان میں داعش کے نظریات کی حمایت کا بھی اعلان کر چکے ہیں- اس درمیان یہ بھی خبر ہے کہ جامعہ حفصہ کی انتظامیہ اور پولیس افسران کے درمیان مذاکرات کے بعد پولیس اور پیراملٹری فورس کے بیشتر دستوں کو وہاں سے ہٹا لیا گیا ہے تاہم پولیس اور پیراملٹری فورس کے جوانوں کی ایک خاصی تعداد ابھی بھی وہاں موجود ہے۔

ٹیگس