کوئٹہ، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین پھر چلے گی
پاکستان کے وزیر تجارت نے کوئٹہ سے ایرانی سرحد تک ریلوے ٹریک بحال کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کو جلد بحال اور ای سی او کنٹینر ٹرین سروس دوبارہ شروع کی جائے گے ۔
انہوں نے کہا کہ ، کوئٹہ، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین کی بحالی سے پاکستانی مصنوعات کی یورپ ترسیل میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان سہ فریقی معاہدے کے تحت ای سی او کنٹینر ٹرین کا آغاز 14 اگست 2009 کو ہوا تھا اور یہ سروس 2011 تک جاری رہی۔
پاکستان کے وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ہم تہران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کے منتظر تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایرانی سرحد پر مزید دو تجارتی گزرگاہیں کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔