پاکستان لشکرجھنگوی کراچی کا سرغنہ گرفتار، آٹھ دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لشکر جھنگوی کے دہشت گرد آصف چھوٹو کو گرفتارکرلیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق لشکر جھنگوی کراچی کے سرغنہ آصف چھوٹو کو ڈیرہ غازی خان کی سرحدی پٹی کے قریب ایک انتہائی حساس اور خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
آصف الیاس عرف آصف چھوٹو جسٹس باقر پر حملہ کرنے اور عباس ٹاؤن دھماکے سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔
دو ہزار تیرہ میں سندھ حکومت کی جانب سے آصف چھوٹو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر پچیس لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔
سیکورٹی اداروں نے آصف چھوٹو کی گرفتاری کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے پپری میں پولیس اور حساس ادارے نے کارروائی کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس اہل کاروں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی میں ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔