شہباز تاثیر رہا ہونے کے بعد لاہور پہنچ گئے
Mar ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو بلوچستان سے بازیاب کرانے کے بعد بدھ کو لاہور پہنچادیا گیا ہے۔
پاکستانی حکام نے منگل کو بتایا تھا کہ شہباز تاثیرکو کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے بازیاب کرا لیا گیا ہے- پانچ سال تک اغواکاروں کے قبضے میں رہنے والے شہباز تاثیر کو بازیاب کرا لئے جانے کے بعد بدھ کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچایاگیا جہاں ان کے اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا اور اس موقع پر ان کے گھر میں جشن کا بھی اہتمام کیا گیا-
واضح رہے کہ مقتول گورنر پنجاب کے بیٹے کو سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران بازیاب کرایا تھا- شہبازتاثیر کو اگست دو ہزار گیارہ میں لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغوا کر لیا گیا تھا۔