پاکستان کی حکومت پر بلاول بھٹو زرداری کی نکتہ چینی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کو عدالتی قتل قرار دے دیا۔
گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے نانا کو عدالتی حکم پر قتل کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو چار اپریل انیس سو اناسی کو اس وقت کی فوجی حکومت نے مخالف سیاسی رہنما کے قتل کے الزام میں سزائے موت دے دی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ہر اس بجٹ کو مسترد کرتی ہےجو بقول ان کے غریب کا نوالہ چھین کر امیر کا خزانہ بھر دے۔
انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی حکومت پر الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی کوئی واضح پالیسی نہیں ہے اور ملک کے نوجوان ڈگری ہاتھوں میں لے کر اپنا مستقبل تلاش کر رہے ہیں۔
بلال بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت آئے دن پاکستانی عوام کے نام پر اربوں روپے کا قرض لے رہی ہے۔
انہوں نے ملک کے سابق فوجی سربراہ پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی بابت بھی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔