Apr ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، تین شیعہ مسلمان شہید

پاکستان کے شہر کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں تین شیعہ مسلمان شہید ہو گئے۔

 

ٹارگٹ کلنگ کا یہ واقعہ بفرزون کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تینوں شیعہ مسلمان مسجد و امام بارگاہ باب النجف میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد موٹرسائیکل پر اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے مذکورہ تینوں افراد کو شفیق موڑ کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم عام طور پر لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ جیسے تکفیری دہشت گرد گروہ شیعہ مسلمانوں کو دہشت گردانہ حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

حالیہ مہینوں کے دوران کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں۔گزشتہ سال کے موسم بہار میں دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں اسماعیلی شیعہ برادری کی ایک بس پر فائرنگ کر دی تھی جس میں عورتوں اور بچوں سمیت پینتالیس افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

 

ٹیگس