پاکستان، افغانستان اور ہندوستان میں شدید زلزلہ
پاکستان ، افغانستان اور ہندوستان میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق باعث تینوں ممالک کے متاثرہ علاقوں میں شہری خوف زدہ ہوکر گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔
پاکستان میں زلزلے کے زیادہ شدید جھٹکے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔ جبکہ چترال، گلگت، پشاور، سوات، مردان، ایبٹ آباد کے ساتھ ساتھ دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی، لاہور کے علاوہ آزاد کشمیر اور سندھ کے بعض علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت سات اعشاریہ ایک تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندو کش میں دوسو چھتیس کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
ہندوستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور دارالحکومت نئی دہلی سمیت پنجاب، چندی گڑھ ، ہریانہ سمیت دیگر علاقوں میں لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
پاکستان اور ہندوستان کے علاوہ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے -