Apr ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: کراچی میں پولیو مہم کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ، سات ہلاک

پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں دو مقامات پر مسلح افراد کی فائرنگ میں سات پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے انسداد پولیو مہم کے رضاکاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دو مختلف مقامات پر فائرنگ کی ہے۔ فائرنگ کے پہلے واقعے میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے بنگلہ بازار میں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس میں تین اہلکار مارے گئے۔ بعد ازاں موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے اسی علاقے میں گشت کرنے والی ایک پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کر دی جس میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

دونوں واقعات میں پولیو رضاکار محفوظ رہے۔ حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملہ آوروں کی تعداد آٹھ بتائی جاتی ہے جو چار موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

اس سے قبل بھی کراچی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

ٹیگس