ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ
ایران کے ایوان تجارت کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایسوسی ایشن کے سربراہ نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کو حکومت کی اقتصادی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایوان تجارت سے وابستہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایسوسی ایشن کے سربراہ حسین سلیمی نے بتایا ہے کہ ایران میں گزشتہ برس، اس سے پہلے کے سال کے مقابلے میں، 50 سے 60 فیصد زيادہ غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ۔
انھوں نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے پروسیس میں، سرمایہ کاری کا اجازت نامہ صادر ہونا اور پھر پیسے نیز وسائل کی آمد کے مراحل ميں عام طور سے پانچ سے آٹھ ماہ لگ جاتے ہیں۔
حسین سلیمی نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس سال بھی غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انھوں نے بتایا کہ گزشتہ برس دس سے گیارہ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری انجام پائی جو ایک بڑی اقتصادی کامیابی ہے۔
ایران کے ایوان تجارت کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایسوسی ایشن کے سربراہ نے سونے کے ذخائر بڑھانے کی پالیسی کا ذکر کیا اور کہا کہ گزشتہ برس تقریبا 100 ٹن سونا درآمد کیا گیا جو اقتصادی استحکام کی بنیاد کی حیثیت سے بہت اہم ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سونے کی اس درآمد کا ایک حصہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے انجام دیا ہے جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ بازار میں اس پالیسی پر مثبت ردعمل آیا ہے۔