Aug ۰۶, ۲۰۲۵ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • حماس کی اپیل: دنیا کے حریت پسند غزہ میں بھوک مسلط کرنے کی پالیسی  کی مخالفت بڑھادیں

حماس نے ایک بیان جاری کرکے دنیا کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ غزہ کے عوام کے محاصرے اور ان پر بھوک مسلط کرنے کی پالیسی کے خلاف اپنی کوششیں بڑھا دیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  حماس نے بدھ کی شام ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ہم امت اسلامیہ اور دنیا کے سبھی حریت پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ غزہ کے عوام پر بھوک مسلط کئے جانے، ان پر وحشیانہ حملوں اور نسل کشی کے خلاف آئندہ جمعہ، سنیچر اور اتوار کو عوامی کمپین چلائیں۔

حماس نے اپنے بیان میں فلسطین کے حامیوں اور دنیا کے حریت پسندوں کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ " غزہ کی گزرگاہیں اور انسانی امداد کا راستہ کھولنے کے لئے غاصب صیہونیوں پر دباؤ بڑھادیں اور بیس لاکھ فلسطینیوں پر بھوک مسلط کرے اور بمباری کے ذریعے وحشیانہ قتل عام پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی اور ناتوانی کے خلاف فریاد بلند کریں۔"

 حماس نے اپنے بیان میں غزہ کے عوام کی حمایت میں عالمی سطح پر جاری تحریک کی قدردانی کی ہے اور کہا ہے کہ ہم غزہ کے محاصرے اور مظلوم فلسطینی عوام پر فاقہ کشی اور بھوک مسلط کرنے کے خلاف عالمی تحریک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

  قابل ذکر ہے کہ تونس میں بڑی تعداد میں سیاسی اور سماجی کارکنوں نے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یک جہتی میں ایک دن کی بھوک ہڑتال کی ہے ۔

 دوسری طرف غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے تازہ اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ غزہ میں  روٹی کے ایک ٹکڑے کے حصول کے لئے  لائن میں شہید ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 655 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 800 ہوچکی ہے۔

 

ٹیگس