اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی و طوفانی بارش، 30 افراد ہلاک
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد ، پنجاب کے شمالی اور وسطی علاقوں اور صوبہ خیبرپختونخوا میں آندھی اور طوفانی بارش سے تباہی پھیل گئی۔ اسلام آباد میں گیارہ اور راولپنڈی میں انیس افراد لقمۂ اجل بن گئے۔
پاکستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پشاور، نوشہرہ اورچارسدہ میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مختلف حادثات میں انہتر جب کہ راولپنڈی میں ایک سو بائیس افراد زخمی ہوئے ، اسلام آباد اور گردونواح کے کئی علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہ کی جاسکی۔
ٹرانسفارمر گرنے اور تار ٹوٹنے کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔ اسلام آباد کے جن علاقوں میں تا حال بجلی بحال نہ ہو سکی ان میں کورنگ ٹاون ، شہزاد ٹاون ،آئی ایٹ ،آئی نائن اورآئی دس شامل ہیں۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آندھی اور طوفان کی وجہ سے آئیسکو کا آپریشن متاثر ہوا ہے ۔ آئیسکو کی ٹیمیں رات سے ہی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں ۔
خیبرپختونخوا کےکئی اضلاع اورفاٹا سمیت پنچاب میں تیز آندھی کےساتھ اورموسلادھار بارش ہوئی ۔ مکانات کی چھتیں اوردیواریں گرنےسے پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کےمختلف شہروں میں تیزآندھی اور بارش نےتباہی مچادی۔ پشاورشہراور گردنواح میں پچپن کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے چلنےوالی طوفانی ہواوں اوربارش سےبعض سڑکوں پرپانی کھڑاہوگیا۔
نواحی علاقےمو سیٰ زئی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنےسے ایک خاتون اور اس کا چھ مہینے کابچہ جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔ کوہاٹ روڈ پردیوارگرنے سےایک شخص زخمی ہوا۔
نوشہرہ میں کئی درخت،سائن بورڈگرگئے اوربجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں،جس سےبجلی معطل ہوگئی جبکہ مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک اور13افرادزخمی ہوگئے۔
خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کےعلاقےشاکس میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اورتین بچےزخمی ہوئےجبکہ چارسدہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوا۔ سوات،کوہاٹ،بٹ خیلہ، شانگلہ اور تربیلا غازی میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
ادھرپنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور سیالکوٹ میں بھی تیز آندھی اوربارش ہوئی،گوجرانوالا میں تیز ہوائیں چلنےپر چوہتر فیڈرز ٹرپ کرگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی