امجد صابری کو سپرد خاک کردیا گیا
کراچی میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستان کے مشہور قوّال اور منقبت خواں امجد صابری کو جمعرات کو سپرد خاک کردیا گیا-
پاکستان کے شہرہ آفاق قوال غلام فرید صابری کے بیٹے اور معروف قوال اور منقبت خواں امجد صابری کو مسلح دہشت گردوں نے بدھ کو کراچی میں گولی مار کر جاں بحق کردیا تھا - جمعرات کو امجد صابری کی میت کو چھپا کے سرد خانے سے ان کے گھر لے جایاگیا اور اس کے بعد اس مقام پر منتقل کیا گیا جہاں نماز جنازہ ادا کی جانی تھی -
نمازجنازہ لیاقت آباد روڈ پرارم بیکری کے سامنے ادا کی گئی -ان کی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی - اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے -
نماز جنازہ کے بعد امجد صابری کی میت پاپوش نگر قبرستان میں ان کے والد کی قبر کے قریب سپرد خاک کردی گئی -
امجد صابری کے قتل کی ذمہ داری حکیم اللہ محسود سے تعلق رکھنے والے کالعدم گروہ طالبان نے قبول کی ہے-
امجد صابری پر دہشت گردانہ حملے کی پاکستان کی سبھی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے مذمت کی ہے -