کراچی میں شدید گرمی،معمولات زندگی بری طرح متاثر
کراچی میں اتوار کو شدید گرمی کے سبب، معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے۔
کراچی سے ہمارے نمائندے کے مطابق شدید گرمی کے باعث شہر بھر کی شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم رہا۔ شدید گرمی اور لو سے متاثر ہونے والے ایک درجن سے زائد افراد کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر کے وقت درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب بھی چالیس فی صد رہا۔
ماہرین نے لوگوں سے گرم موسم میں احتیاط سے کام لینے اور افطار سے سحری تک پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے علاوہ موزوں مشروبات کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوڈا واٹر کے استعمال سے گریز کیا جائے اور اس کے بجائے لسی، ناریل کا پانی یا لیموں کا شربت استعمال کرنا گرمی سے بچاؤ میں زیاہ مفید واقع ہوسکتا ہے۔