دیر بالا، مسافر بس میں دھماکہ، سات جاں بحق
شمال مغربی پاکستان میں ایک مسافر بس کے راستے میں ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مسافر بس میں یہ دھماکہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع دیر بالا کے ڈوگ درہ کے قریب ہوا۔ بس شیرین گال سے ڈوگ درہ جا رہی تھی اوراس میں سات افراد سوار تھے۔ پولیس کے مطابق بد قسمت بس جب دیر بالا میں ڈوگ درہ کے قریب پہنچی تو وہاں پہلے سے نصب ایک بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ بم دھماکے میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں سوار ساتوں افراد جاں بحق ہو گئے۔
روزنامہ ڈان نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دہشت گرد مذکورہ حملے میں امن کمیٹی کے اراکین کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن خوش قسمتی سے وہ مذکورہ وین میں موجود نہیں تھے تاہم بعض خبروں میں بتایا گیا کہ مارے جانے ساتوں افراد امن کمیٹی کے رکن تھے۔ تاحال کسی شخص یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دہشت گرد گروہ طالبان اکثر ایسے حملوں میں ذمہ داری قبول کرتا رہا ہے۔