ایران کی مفاہمت کی پیشکش کو سعودی عرب نے مسترد کر دیا
ایرانی حج مشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے کشیدگی دور کرنے کے لئے ایران کی مفاہمت کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے حج مشن کے سربراہ "سید علی قاضی عسکر" نے اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کی سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ملاقات میں دو جانبہ تعلقات میں فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا۔ بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات کے موقع پر "سید علی قاضی عسکر" نے کہا کہ ملت ایران اور ایرانی قیادت ہمیشہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیتی رہی ہے۔
"حجت الاسلام سید علی قاضی عسکر" نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی اور مناسک حج سے متعلق مسائل پر کھل کر بات چیت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بات چیت کے ذریعے کشیدگی دور کرنے کا خواہاں تھا تاہم سعودی حکومت نے ایران کی اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
دریں اثنا پاکستان ملی یکجہتی کونسل کے چیرمین "صاحب زادہ ابوالخیر زبیر" نے اس موقع پر اپنے خطاب میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون میں توسیع پر زور دیا اور کہا کہ عالمی سامراج اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان نفاق کا بیج بونے کی کوشش کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں پائے جانے والے اختلافات انہی شیطانی سازشوں کا نتیجہ ہیں۔
اس موقع پر دیگر پاکستانی اسکالرز نے بھی اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے کا ایک پرامن ترین ملک قرار دیا اور بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے مسائل کو حل کئے جانے کی ضرورت تاکید کی۔