Aug ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: کوئٹہ میں بم دھماکہ، تیرہ افراد زخمی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بم دھماکہ ہوا ہے جس میں تیرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کوئٹہ کے زرغون روڈ پر سریاب فلائی اوور کےقریب زور دار بم دھماکہ ہوا جس کی  آواز دور دور تک سنی گئی۔ اس بم دھماکے میں تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔ تاہم زخمی پولیس اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا۔ 

بم دھماکے میں انسداد دہشت گردی فورس کی گاڑی سمیت دو گاڑیوں اور دو موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد ریسکیو، ایف سی اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کہا جا رہا ہے کہ دھماکے کے وقت وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس ظہور شاہوانی کی گاڑی وہاں سے گزررہی تھی۔ تاہم جسٹس ظہور شاہوانی بال بال بچ گئے۔ دھماکے کی جگہ کے قریب سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیاگیا جس میں تین سے چار کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا۔ان کا کہناتھا کہ دھماکےمیں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا، دھماکے کے ذریعے جشن آزادی کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

ٹیگس