Feb ۰۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان ہندوستان کے ساتھ جامع مذاکرات کیلئے تیار

پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ ہم ہندوستان کے ساتھ جامع مذاکرات کیلئے تیار ہیں اس کیلئےہندوستان کے جواب کا انتظار ہے ۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ فی الحال مذاکرات ہوتے نظر نہیں آرہے مگر ہندوستان کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان تعلقات میں سنجیدہ ہے ۔وزیراعظم کا شروع سے خیال ہے کہ خطے کی بہتری کیلئے پاکستان اور ہندوستان کو مثبت مذاکرات کرنے چاہیں اگر ہندوستان اس کا مثبت جواب نہیں دیتا تو ہم ڈائیلاگ کی بھیک نہیں مانگیں گے ۔ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں ۔ ہندوستان ڈائیلاگ کی بجائے سرحدی کشیدگی میں اضافہ کررہا ہے اور ایجنٹوں کوکاروائیوں کیلئے بھیج رہا ہے ۔ اس سے دونوں ملکوں کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ جامع مذاکرات کیلئے تیار ہیں اس کیلئے ہندوستان کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور اس کیلئے قربانیاں دی ہیں جن کی پوری دنیا معترف ہے دہشت گردی کے خلاف جتنی کامیابیاں ہم نے حاصل کی ہیں کسی دوسرے ملک نے اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کیں اب کوئی وجہ باقی نہیں رہ جاتی کہ ٹرمپ انتظامیہ یا کوئی اور دوسرا ملک ہم پر ویزہ پابندیاں عائد کرے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلسل کاروائیاں ہورہی ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ ہندوستان نے دفاعی بجٹ میں بے پناہ اضافہ کیا ہے مگر ہمارے وزیراعظم کا فیصلہ ہے کہ ہم اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے بلکہ توجہ معاشی ترقی سوشل سیکٹر پر رہے گی ۔ تاہم ملکی دفاع کیلئے جو وسائل درکار ہوئے انہیں یقینی بنایا جائے گا۔

 

ٹیگس