امریکی دھمکیوں کے سامنے جھکنے والا نہیں : وینزویلا کے صدر کا بیان
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان کے ملک میں موجود دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ امریکی دھمکیوں کے سامنے تسلیم نہیں ہونے والے۔
سحرنیوز/دنیا: العالم نیوز پورٹل کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا کہ امریکہ ان کے ملک میں موجود دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہے اور اس کے اس اقدام سے وینزویلا میں تیل کی پیداوار کا استحکام اور عالمی منڈی کا توازن شدید خطرے میں پڑ جائے گا۔
مادورو نے اوپیک کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگست کے وسط سے "جمہوریہ بولیواری" کے خلاف دباؤ، دھمکیوں اور ہراسانی کی مہم شروع کر رکھی ہے، اور ان اقدامات سے علاقائی اور بین الاقوامی امن، سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
مادورو نے لکھا کہ امریکہ کیریبیئن علاقے میں اب تک اسّی سے زائد افراد کا بلا جواز قتل کر چکا ہے، اور طاقت کے استعمال پر مبنی امریکی دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
وینزویلا کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک اپنے قدرتی وسائل کا دفاع کرے گا اور کسی بھی بلیک میل یا دھمکی کے آگے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے اوپیک کے سیکرٹری جنرل اور رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی بڑھتی ہوئی جارحیت کو روکنے کے لیے تعاون کریں۔