پاکستان: امریکہ نواز تکفیری دہشت گردوں کی آماجگاہ
مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے خیرالعمل روڈ انچولی سوسائٹی میں شب یاد شہداء کا انعقاد کیا گیا۔ شب یاد شہداء سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ احمد اقبال رضوی، مجلس علماء پاکستان کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ فرقان حیدر عابدی، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ نثار قلندری، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رابطہ سیکرٹری علامہ اظہر حسین نقوی نے خطاب کیا۔
شب یاد شہداء کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مشرق وسطٰی سمیت دنیا بھر میں امریکی صہیونی بلاک کی شکست یقینی ہے، مسلسل کمزور ہوتا ہوا امریکی اسرائیلی بلاک نابودی کے قریب ہے، شام و عراق میں امریکہ نواز تکفیری دہشت گردوں کی شکست اسرائیل کی نابودی کا پیش خیمہ ہوگا، پاکستان کو امریکہ نواز تکفیری دہشت گردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے، ملت جعفریہ کو امریکہ نواز تکفیری دہشت گردوں کا راستہ روکنے کی سزا دی جا رہی ہے، ملت جعفریہ تکفیری دہشت گردوں کا راستہ نہ روکتی تو پاکستان حلب و موصل بن چکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ نواز تکفیری دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو قائد و اقبال کا پاکستان بنا کر رہیں گے، تکفیری دہشت گردوں کو نہ پہاڑوں میں چھپنے دیں گے نہ شہروں میں، تمام محب وطن حلقوں سے مل کر حکمرانوں کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر مجبور کریں گے، امت مسلمہ کے دشمن مراکز وائٹ ہاؤس و تل ابیت سقوط کے قریب ہیں، پاکستان کو امریکی بلاک و چنگل سے نکال کر رہیں گے، پاکستان کو امریکی بلاک سے نکالنا تمام محب وطن حلقوں کی ذمہ داری ہے، نواز حکومت بے گناہ شیعہ سنی لاپتہ شہریوں کو فی الفور بازیاب کرائے، بے گناہ لاپتہ شیعہ سنی شہریوں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ایوانوں کا گھیراؤ کرسکتے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ حسینیت کی حمایت سے روکنے والی سیاسی جماعتوں کو نہیں مانتے، شیعہ قیدیوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک ختم کیا جائے۔شیعہ سنی اتحاد کے ذریعے فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بناتے رہیں گے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےعلامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ملت جعفریہ کیخلاف لگائی گئی دہشت گردی کی آگ پورے ملک میں پھیل چکی ہے، شیعہ قتل عام پر خاموش رہنے والے ارباب اختیار ہی ملک میں دہشت گردی کے بحران کے ذمہ دار ہیں، امریکی ایما پر تکفیری دہشت گرد عناصر ملت جعفریہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
علامہ اظہرنقوی کا کہنا تھا کہ عالمی استکبار نے اپنے داعشی ایجنٹوں کے ذریعے مشرق وسطٰی پر قبضہ کا جو خواب دیکھا تھا، وہ چکنا چور ہوچکا ہے، انشاء اللہ ولی امر مسلمین امام خامنہ ای کی رہبری میں عالم اسلام متحد ہے اور ہر محاذ پر استکباری قوتوں کو شکست ہوگی۔
علامہ مرزا یوسف حسین نے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے باوجود ملت جعفریہ ملکی سلامتی و ترقی میں کردار ادا کرتی رہیگی، 39 ملکی عسکری اتحاد دہشت گردی کیخلاف نہیں، امریکی مفاد کے تحفظ کیلئے ہے، حکمرانوں کو دہشت گردوں کی سہولت کاری و سرپرستی کا جواب دینا ہوگا، حکومتی و ریاستی اداروں کی صفوں میں موجود کالی بھیڑیں ملت جعفریہ کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
علامہ فرقان حیدر عابدی نے کہا کہ ہزاروں شہداء وطن پر قربان کرنے کے باوجود ملت تشیع نے ہمیشہ صبر کا دامن تھامے رکھا، وطن کی محافظ ملت تشیع کو دیوار سے لگانا ملک دشمنی ہے۔
علامہ نثار قلندری کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ ہزاروں شہادتوں کے ساتھ ملک کی بقاء و سلامتی کا فریضہ انجام دے رہی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملت تشیع کے قتل عام سلسلہ جاری رہنا سوالیہ نشان ہے۔