Feb ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • باجوڑایجنسی میں دھماکہ 3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی باجوڑ ایجنسی میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے 3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ارنگ کے علاقے توحید آباد میں  آج صبح بچے پک اَپ میں سوار ہوکراسکول جا رہے تھے کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، جنھیں تیمر گرہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ دھماکے میں ایک بچہ  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےجاں بحق ہو گیا

واقعے کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

باجوڑ ایجنسی افغان سرحد کے قریب پاکستان کے سات نیم خودمختار قبائلی علاقوں میں سے ایک ہے۔

فاٹا کی ایجنسیوں شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے 'آپریشن ضرب عضب' اور خیبر ایجنسی میں 'آپریشن خیبر ون اور ٹو' کے بعد دہشت گرد دیگر علاقوں میں بھی عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر ایجنسی میں آپریشنز کا اختتام ہوچکا ہے جبکہ شمالی وزیرستان میں ضرب عضب جاری ہے۔

 

ٹیگس