Feb ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ویلنٹائن ڈے کی تشہیراورمنانے پرپابندی

ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل ہی بڑا فیصلہ دے دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی ہائی کورٹ میں درخواست گزارعبدالوحید نے استدعا کی کہ ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اس کی تشہیری مہم ہمارے میڈیا پر چلائی جارہی ہے لہذٰا عدالت اس دن کو منانے سے روکے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں لال رومال کی تحریک چلی اور وہاں لال گلاب کی، عوامی مقامات اور سرکاری سطح پر کسی کو ویلنٹائن ڈے منانے کی اجازت نہیں اور الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا بھی فوری طورپر ویلنٹائن ڈے سے متعلق تشہیرکوروک دے۔

عدالت نے میڈیا پر ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے تشہری مہم چلانے اورعوامی مقامات پر اس دن کو منانے کے حوالے سے  وفاق ، وزارت اطلاعات، چئیرمین پیمرا اور چیف کمشنر اسلام آباد  سے 10 روز میں  جواب طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ پیر سید مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ کی اپیل پر جماعت اہلسنّت کے 50 مفتیان کرام نے ویلنٹائن ڈے کیخلاف اجتماعی شرعی اعلامیہ میں کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی اوراخلاق سوز مغربی تہوار ہے اس لئے اسے منانے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ ویلنٹائن ڈے 14 فروری کو منایا جاتا ہے۔

 

ٹیگس