کالعدم طالبان ضرار گروپ کا کمانڈرہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم دہشتگرد تکفیری گروہ ٹی ٹی پی ضرار گروپ کا کمانڈرمارا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کر کے کالعدم ٹی ٹی پی ضرار گروپ کے سرغنہ کو ہلاک کیا جس کی شناخت ندیم گنڈا پور کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ندیم گنڈا پور پولیس اہلکاروں اور حساس مقامات پرحملوں میں ملوث تھا جبکہ ملزم پر دہشتگردی کے مقدمات بھی درج تھے ۔
دوسری جانب لاھور کے واقعہ کے بعد پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹر فور کور میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹنٹ جنرل صادق علی نے سانحہ چئیرنگ کراس پر بریفنگ دی جبکہ آرمی چیف کو ابتدائی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف جنوبی پنجاب سے بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا جبکہ حساس ادارے آپریشن سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیں گے۔ آرمی چیف نے نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم تنظیموں کیخلاف حساس اداروں کو بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔