سانحہ سیہون تین روزہ سوگ کا اعلان
سانحہ سیہون شریف پرتین روزہ سوگ اورآج عام بڑتال کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ سیہون شریف پرتین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج جمعہ کو تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی، ڈاکٹر افتخار حسین نقوی، علامہ ملازم حسین نقوی اورسید حسن کاظمی نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی مزار پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے پاکستانی عوام پر جنگ مسلط کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے سانحہ سیہون کے خلاف آج جمعہ کے روز ملک گیر یوم سوگ اور سندھ بھر میں پرامن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
جمعیت علمائے پاکستان، آل پاکستان سنی تحریک، پاکستان عوامی تحریک و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ایم ڈبلیو ایم کی پرامن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماو ں نے کہا کہ صوفیوں اور اولیااللہ کی سرزمین کو خاک و خون میں نہلانے والے صفاک دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستوں کے دباو کو مسترد کرتے ہوئے اس ناسور کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کریں۔
رہنماوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائیاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکی ہیں، ان تکفیری دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ ملکی سلامتی و امن کے لیے انتہائی ضروری ہے۔