Feb ۱۸, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • خودکش حملے ناجائزاورحرام ہیں۔ اہلسنت مفتیان کرام

لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے اور دیگر حالیہ خودکش حملے قابل مذمت ہیں۔

دہشتگردی اور خودکش حملوں کیخلاف تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کی اپیل پر ملک بھر میں یوم مذمت منایا گیا۔ اجتماعات جمعہ کے موقع پر مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ خطباء نے انسداد دہشتگردی کے موضوع پر خطابات کئے اور سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر حملے اور دیگر حالیہ خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ۔ جبکہ مفتی اعظم، پیر افضل قادری اور شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی کی سربراہی میں سینکڑوں مفتیان کرام نے دہشتگردی اور خودکش حملوں کیخلاف فتویٰ جاری کر دیا ہے۔

فتوے میں کہا گیاہے کہ خودکش حملے ناجائز، حرام و ممنوع ہیں اور ناحق قتل کرنیوالوں کیلئے دنیا و آخرت میں سخت سزائیں اورعذاب ہیں۔

فتویٰ میں مزید کہا گیا کہ وطن عزیز کیخلاف اندرونی وبیرونی سازشوں کے خاتمہ کیلئے قوم متحد ہو جائے اور ذمہ داران وطن ملکی پالیسیوں کی اصلاح کریں۔ اس موقع پرملک بھر میں خودکش حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کی گئیں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دھماکوں کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائے۔

 

ٹیگس